ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: بی جے پی اورکانگریس کارکنان کے درمیان مار پیٹ؛ کانگریسی اُمیدوار متھن رائے کی کار پر حملہ - وٹلا اور کارکلا میں بھی جھڑپیں

منگلورو: بی جے پی اورکانگریس کارکنان کے درمیان مار پیٹ؛ کانگریسی اُمیدوار متھن رائے کی کار پر حملہ - وٹلا اور کارکلا میں بھی جھڑپیں

Thu, 11 May 2023 22:58:45    S.O. News Service

منگلورو 11 / مئی (ایس او نیوز) کل بدھ کو اسمبلی انتخابات کے لئے شام کے وقت پولنگ کے اختتامی مرحلہ میں منگلورو ، وٹلا اور کارکلا وغیرہ میں سیاسی پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان مارپیٹ اور جھڑپوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔

پتہ چلا ہے کہ منگلورو کے موڈوشیڈے گرام پنچایت حدود میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب کانگریس اور بی جے پی کے کارکنان آمنے سامنے ہوگئے ان کے درمیان ہاتھا پائی اور پتھراو کی نوبت آ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ جب شام کے وقت کانگریس امیدوار متھن رائے اس علاقے میں پہنچے تو بی جے پی کارکنان 'مودی ، مودی' کے نعرے لگانے شروع کیے تو کانگریسیوں نے اپنی پارٹی کی حمایت میں نعرے لگائے ۔ اس دوران زبانی تکرار اور سنگ باری شروع ہوئی جس سے متھن رائے کی کار کے شیشے کو نقصان پہنچا ۔ اس کے علاوہ دونوں فریقوں کی طرف سے کیے گئے پتھراو میں پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے اورکچھ عام لوگوں اور پولیس اہلکاروں کو بھی چوٹیں آنے کی خبر ہے۔

کشیدہ حالات پر قابو پانے کے لئے علاقے میں کے ایس آر پی پلاٹون کی تعیناتی اور پولیس کا اضافی بندوبست کرنے کے علاوہ دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کیے گئے ہیں اور اس علاقے میں باہری لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ حالات پر نظر بنائے رکھنے اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے موڈو شیڈے کے پاس چیک پوسٹ بھی قائم کیا گیا ہے ۔ 

وٹلا میں بھی جھڑپ:  ادھر پتور اسمبلی حلقہ کے وٹلا سے ملی خبروں کے مطابق آزاد امیدوار ارون کمار پوتّلی اور بی جے پی امیدوار کے حامیوں کے درمیان زبانی تکرار اور جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے والے پوتّلی نے میگین پیٹے پولنگ بوتھ کا دورہ کیا ۔ اتفاق سے اسی وقت کانگریسی امیدوار اشوک کمار رائے بھی وہاں پہنچ گئے۔ یہ دیکھ کر وہاں پر موجود بی جے پی کارکنان ارون کمار پوتّلی سے الجھ پڑے کہ تم دونوں ایک ساتھ اس جگہ پہنچنے کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس کے ساتھ تم نے سانٹھ گانٹھ کر لی ہے ۔ اسی کے ساتھ دونوں فریقوں کے درمیان زبانی جھڑپ شروع ہوئی جو بعد میں دھینگا مشتی اور مارپیٹ میں بدل گئی ۔ 

رقم تقسیم کرنے کے معاملہ پر جھگڑا : منگلورو کے کوور میں واقع کونجت بیل علاقے میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی طرف ملی ہوئی رقم تقسیم کرنے کے معاملے پر دونوں پارٹیوں کے کارکنان کے بیچ مار پیٹ کا معاملہ پیش آیا ہے ۔  اس تعلق سے کاور پولیس اسٹیشن میں کانگریس کی کویتا سنیل اور جے ڈی ایس کے شمشاد کی طرف سے الگ الگ شکایات درج کروائی گئی ہیں ۔ 

کم عمر نقلی ووٹر: کانگریس پارٹی کارکنان نے الزام لگایا ہے کہ کارکلا کے میارو کونٹی بیل پولنگ بوتھ میں بی جے پی کی طرف سے کم عمر لڑکے نے نقلی ووٹنگ کی ہے ۔ اس مسئلہ پر کانگریسی کارکنان نے پولیس کو آڑے ہاتھوں لیا اور پولنگ افسران اور ووٹنگ مشینیں لے جا رہی بس کا راستہ روکا ۔ کانگریسیوں کا الزام تھا کہ بی جے پی کارکنان نے منصوبہ بند طریقے سے نقلی پولنگ کروائی ہے ۔ اس مسئلہ پر کانگریسی کارکنان اور پولیس کے درمیان بڑی دیر تک بحث و تکرار چلی ، جس کے بعد ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا۔


Share: